بھریا سٹی( رپورٹ: مجاہد علی مغل )
نوشہروفیروز: گاؤں کینچی کوسو کے رہائشی شکیل احمد چانڈیو نے پاکستان پریس کلب پہنچ کر میڈیا کے سامنے فریاد کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ان کے رشتہ دار گزشتہ 70 سالوں سے ان کی 50 ایکڑ زمین پر قابض ہیں، جبکہ کاروبار کے لیے دیے گئے 25 لاکھ روپے اور 90 لاکھ روپے کی ملکیت بھی واپس نہیں کی جا رہی۔
متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کی رقم سے موٹر سائیکلوں کے شوروم قائم کرکے کاروبار کیا گیا، لیکن بار بار مطالبے کے باوجود نہ تو رقم واپس کی جا رہی ہے اور نہ ہی حصہ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ مذکورہ افراد ان کے گھر میں زبردستی داخل ہوکر تشدد اور چوری کی وارداتیں بھی کرتے رہے ہیں۔
شکیل احمد چانڈیو کے مطابق اس سنگین تنازعے کا فیصلہ علاقے کے معززین اور ایم پی اے ممتاز چانڈیو کے پاس بھی رکھوایا گیا تھا، لیکن مخالف فریق فیصلہ ماننے سے گریزاں ہے اور پیش نہیں ہوا۔
انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد، ایس ایس پی نوشہروفیروز اور دیگر اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فی الفور نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان کی 50 ایکڑ زمین، واجبات اور ملکیت واپس دلوا کر انہیں مکمل انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔


