تحریر :اسد مرزا
جہاں لفظ بے نقاب ہوں۔۔۔ وہیں سے سچ کا آغاز ہوتاہے
ملک میں سیاسی صورتحال کی بڑھتی ہوئی حدت کا اثر اب صرف سیاسی جماعتوں اور ایوانوں تک محدود نہیں رہا بلکہ اس کی تپش بیوروکریسی اور پولیس کے اعلیٰ افسران بھی محسوس کرنے لگے ہیں۔ بدلتے سیاسی حالات، ممکنہ حکومتی فیصلوں اور انتظامی تبدیلیوں کے پیش نظر پنجاب میں پاکستان پولیس سروس (PSP) کے متعدد افسران اور بیوروکریٹس نے بھی محتاط حکمت عملی اختیار کرنا شروع کر دی ہے۔ حالات کا تقاضا سمجھتے ہوئے بعض افسران تبادلوں کی درخواستیں دینے، نئی پوسٹنگ قبول کرنے سے معذرت کرنے اور بعض اہم عہدوں سے فاصلہ رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا دکھائی دیتے ہیں۔ اس بدلتی صورتحال میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اہم انتظامی اور پولیس عہدوں پر رینکر پولیس افسران کو ترجیح دینے کا رجحان بڑھ سکتا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق نومبر سے ہی سیاسی منظرنامے میں غیر معمولی سرگرمیوں نے حکومتی حلقوں میں تشویش پیدا کر رکھی ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت سے متعلق حالیہ پیش رفت، بعض رہنماؤں کو اچانک جیلوں سے اسپتال منتقل کیے جانے اور دو حکومتی وزرا کی جانب سے الزامات کی بھرمار نے سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھا دیا ہے۔ چند اہم ملاقاتوں اور پس پردہ رابطوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے حکومتی شخصیات کو بھی مستقبل کے سیاسی منظرنامے کے حوالے سے سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ بظاہر سیاسی سرگرمیاں معمول کے مطابق دکھائی دیتی ہیں، تاہم اقتدار کے ایوانوں میں آئندہ دنوں کی صورتحال کے حوالے سے حکومتی شخصیات بھی پریشان دکھائی دے رہی ہیں۔ دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الٰہی کی ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں کو بھی سیاسی حلقوں میں زیر بحث لایا جا رہا ہے۔ اگرچہ ان ملاقاتوں کو فی الحال کوئی غیر معمولی سیاسی پیش رفت قرار دینا قبل از وقت ہوگا، تاہم ان کے صاحبزادے مونس الٰہی کے سیاسی عزائم اور مستقبل کے حوالے سے بڑے خواب ضرور موضوع بحث ہیں۔ سیاسی حلقوں میں یہ تاثر بھی موجود ہے کہ مونس الٰہی اس مرتبہ اپنے والد سے آگے بڑھ کر سیاسی کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔ تاہم سیاست میں خواب دیکھنا اور انہیں حقیقت کا روپ دینا دو مختلف مراحل ہیں، جن کے درمیان حالات اور سیاسی قوتوں کا کردار فیصلہ کن ہوتا ہے۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سرکاری اداروں کی کارکردگی، انتظامی معاملات اور پولیس میں مبینہ نااہلی و شکایات کے خلاف سخت رویے نے بیوروکریسی اور پولیس میں تبادلوں کی نئی لہر کے امکانات بڑھا دیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ پنجاب کے ریجنل پولیس آفیسرز (RPOs) اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز (DPOs) کی کارکردگی کا جائزہ لے کر نئی تعیناتیوں کے لیے فہرستیں مرتب کی جا رہی ہیں۔ اس عمل میں محض روایتی تبادلوں کے بجائے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیت،کارکردگی، عوامی شکایات اور انٹیلی جنس رپورٹس انتظامی کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ جہاں ایک طرف اہم عہدوں پر تعیناتی کے خواہش مند افسران سرگرم دکھائی دیتے ہیں، وہیں دوسری جانب بعض پیشہ ور اور دیانتدار پی ایس پی افسران موجودہ سیاسی و انتظامی ماحول میں نئی ذمہ داریاں قبول کرنے سے گریزاں ہیں۔ ان افسران کا خیال ہے کہ موجودہ حالات میں میرٹ اور پیشہ ورانہ اصولوں کے مطابق کام کرنا آسان نہیں رہا، اس لیے بعض افسران نے تبادلوں کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں جبکہ کچھ نے نئی پوسٹنگ لینے سے معذرت کرنے کی حکمت عملی اختیار کر رکھی ہے۔ ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ چند افسران نے بیرون ملک روانگی کے لیے اپنی سفری تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں اور ٹکٹیں بھی بک کروا لی ہیں، تاہم وہ مناسب وقت اور حالات کے انتظار میں ہیں۔ ان کے نزدیک موجودہ غیر یقینی سیاسی ماحول میں کسی نئی ذمہ داری کا بوجھ اٹھانے کے بجائے کچھ عرصے کے لیے منظر سے ہٹ جانا زیادہ محفوظ راستہ ہو سکتا ہے۔ اس تمام صورتحال میں رینکر پولیس افسران کے لیے بھی اہم مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔ اگر پی ایس پی افسران کی عدم دستیابی، نئی پوسٹنگ سے معذرت یا تبادلوں کے باعث اہم عہدوں پر خلا پیدا ہوتا ہے تو حکومت کو تجربہ کار رینکر افسران پر انحصار بڑھانا پڑ سکتا ہے۔ یوں وہ افسران جو طویل عرصے سے اہم عہدوں پر تعیناتی کے منتظر ہیں، ان کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع پیدا ہو سکتا ہے۔
پنجاب میں آنے والی ممکنہ انتظامی تبدیلیاں محض چہروں کی تبدیلی تک محدود رہیں گی یا واقعی کارکردگی، میرٹ اور پیشہ ورانہ خود مختاری کو بنیاد بنایا جائے گا؟ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اگر پولیس اور بیوروکریسی سے نتائج چاہتی ہیں تو انہیں افسران کے احتساب کے ساتھ ساتھ انہیں قانون اور میرٹ کے مطابق کام کرنے کا ماحول بھی فراہم کرنا ہوگا۔ کیونکہ کسی بھی ادارے کی کامیابی صرف تبادلوں سے نہیں بلکہ درست فیصلوں، مضبوط کمانڈ اور غیر جانبدارانہ احتساب سے ممکن ہوتی ہے۔ نومبر کا سیاسی موسم بظاہر صرف سیاست دانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ پولیس اور بیوروکریسی کے لیے بھی امتحان بنتا دکھائی دے رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں یہ واضح ہو جائے گا کہ کون افسر نئی ذمہ داریاں قبول کرتا ہے، کون تبادلے کی درخواست دیتا ہے اور کون حالات کا رخ دیکھتے ہوئے بیرون ملک روانگی کو ترجیح دیتا ہے۔ فی الحال پنجاب کے انتظامی اور پولیس حلقوں میں ایک ہی سوال گردش کر رہا ہے اگلی باری کس کی ہے؟
’’اقتدار کے ایوانوں میں ہلچل، پولیس افسران بھی نئی حکومت یا نئے حالات کے منتظر ؟’’


