چکوال: رپورٹ: جلیل نقوی
کلر کہار: بوچھال کلاں کے نجی تعلیمی ادارے جناح اکیڈمی میں استاد کی جانب سے طالب علم پر مبینہ جسمانی تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں طالب علم کا بازو فریکچر ہونے کی اطلاع ہے۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعلیم نے فوری انکوائری کا حکم جاری کر دیا ہے۔ انچارج ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (EE-M) تحصیل کلر کہار ڈاکٹر سید علی اصغر شاہ نے 13 نومبر 2026 کو مراسلہ نمبر 472/26 کے تحت اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر محمد وقاص کو واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرکے اگلے روز تک جامع رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
اس حوالے سے ڈاکٹر سید علی اصغر شاہ نے نوجوان صحافی جلیل نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی تعلیمی اداروں میں جسمانی سزا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، جبکہ انکوائری کے دوران الزامات ثابت ہونے پر ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


