پشاور:انورزیب خان
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کوہاٹ میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ مقابلے کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔
اس موقع پر سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ آئی جی پی نے ہسپتال میں زیرِ علاج پولیس اہلکاروں سے انفرادی طور پر ملاقات کی اور گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور ان کے بلند حوصلے اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ "زخمی اہلکار ہمارے قومی ہیرو ہیں، ان کی جرات اور بلند حوصلہ پوری پولیس فورس کے لیے قابلِ تقلید ہے۔”
آئی جی پی نے موقع پر موجود ڈاکٹروں سے زخمی اہلکاروں کی حالت، زخموں کی نوعیت اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں کو خصوصی ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور انہیں تمام ضروری طبی سہولیات بروقت فراہم کی جائیں۔


