سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
ضلع کونسل سانگھڑ کے چیف آفیسر نے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی سانگھڑ کو مراسلہ ارسال کرکے تعلقہ ٹنڈوآدم کی یونین کونسل مٹھو کھوسو میں ہر ہفتے کے روز لگنے والی مال پیڑی (مویشی منڈی) کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
مراسلے کے مطابق یہ مال پیڑی چیئرمین یونین کونسل مٹھو کھوسو کی سرپرستی میں نجی افراد کی مدد سے لگائی جا رہی ہے۔ ضلع کونسل سانگھڑ کا موقف ہے کہ مویشی منڈی یا مال پیڑی کے انعقاد کی اجازت دینے کا قانونی اختیار صرف ضلع کونسل کے پاس ہے، اور اس منڈی کے لیے کوئی اجازت حاصل نہیں کی گئی۔
ضلع کونسل نے اس بلااجازت انعقاد کو قانون کے خلاف قرار دیتے ہوئے کارروائی کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی معاونت بھی طلب کی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے عوام سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ مٹھو کھوسو میں ہفتے کے روز لگنے والی اس بلااجازت اور غیرقانونی مال پیڑی میں مویشیوں کی خرید و فروخت سے مکمل اجتناب کریں۔


