دیر بالا (سدیس شیخ ڈسٹرکٹ رپورٹر)
ڈی آئی جی ملاکنڈ ریجن زاہد نواز مروت اور ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز خان کی خصوصی ہدایات پر ایس ڈی پی او سرکل واڑی فخر عالم خان نے رات گئے تھانہ صاحب آباد اور مختلف چوکیوں و چیک پوسٹوں کا اچانک دورہ کرکے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے روزنامچہ اور دیگر سرکاری ریکارڈ کا باریک بینی سے معائنہ کیا، جبکہ اہم مقامات پر کی جانے والی ناکہ بندیوں اور ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی جوابی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔
اسی دوران تھانہ صاحب آباد کی حدود میں فائرنگ کے ایک واقعے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر ایس ڈی پی او سرکل واڑی فخر عالم خان اور ایس ایچ او تھانہ صاحب آباد عادل خان پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث موقع پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ واقعے کے حوالے سے نامزد ملزم کے خلاف تھانہ صاحب آباد میں فوری طور پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے اور کارروائیاں جاری ہیں۔اس موقع پر ایس ڈی پی او نے پولیس اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ:موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام اہلکار ہمہ وقت الرٹ رہیں۔مشکوک افراد اور گاڑیوں کی آمدورفت پر کڑی نظر رکھی جائے اور سنیپ چیکنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔دورانِ ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ، ہیلمٹ، ٹارچ اور دستیاب نائٹ ویژن آلات کا لازمی استعمال یقینی بنایا جائے۔ پولیس اہلکار اپنی ذاتی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے پوری مستعدی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن و امان کا قیام دیر بالا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔




