واشنگٹن ڈی سی + نئی دہلی :امریکا میں خالصتان کے حامی سکھ رہنما گرو پتونت سنگھ پنوں کی جانب سے دائر مقدمے میں ایک وفاقی جج نے انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ سامنت گوئل کو دلی کی عدالتوں کے ذریعے سمن جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ مقدمہ نیویارک میں پنوں کے مبینہ قتل کی سازش سے متعلق ہے، جسے انڈیا بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر چکا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ اس سے قبل بھی انڈین حکام کے نام یہ سمن واشنگٹن میں واقع انڈین سفارت خانے کے ذریعے بھجوا چکی ہے، تاہم انڈیا کی حکومت نے انھیں ’فرضی اور بے معنی‘ کہہ کر مسترد کر دیا ہے۔
امریکی شہری اور ایک علیحدہ سکھ ریاست کے علمبردار گرو پتونت سنگھ پنوں نے ستمبر 2024 میں ایک سول مقدمہ دائر کیا تھا جس میں انھوں نے انڈیا کی حکومت، اجیت ڈوول، را کے سابق افسر وکاش یادو، نکھل گپتا اور بعض نامعلوم افراد کے خلاف الزام عائد کیا تھا کہ ان اہلکاروں نے ایک آزاد سکھ مملکت کے قیام کی ان کی تحریک کے سبب انتقام کے طور پر نیویارک میں ان کے گھر میں انھیں قتل کرنے کی سازش کی تھی۔
دو روز قبل 9 نومبر کو سدرن ڈسٹرکٹ آف نیویارک کی ضلعی جج کیتھرین پوک فائلا نے پتونت سنگھ پنوں کی وہ درخواست قبول کر لی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ڈوول اور سامنت گوئل کو سمن امریکی عدلیہ کے ذریعے ان انڈین عدالتوں کے ذریعے بھیجا جائے جن کے دائرہ اختیار کے علاقے میں یہ دونوں مذکورہ اہلکار رہائش پزیر ہو سکتے ہیں۔
پنوں نے سمن بھیجنے کے لیے دلی کی تین ممکنہ عدالتوں کی شناخت کی ہے۔ یہ عدالتیں ہیں پٹیالہ ہاؤس کورٹس کمپلکس ، دوارکا کورٹس کمپلکس اور تیس ہزاری کورٹس کمپلکس۔انڈیا کی حکومت نے انڈین عدالتوں کے ذریعے انڈین اہلکاروں کو سمن جاری کرنے کے فیصلے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔
انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسول نے منگل کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ’ہم اپنے اعلی اہلکاروں پر بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی اس حملے کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم اس فرضی اور بے معنی لا سوٹ ( مقدمے ) کو بھی مسترد کرتے ہیں۔‘
گرپتونت سنگھ کیس :بھارتی قومی سلامتی مشیر اجیت ڈووال، را کے سابق چیف سامنت گوئل کے سمن جاری

