خان یونس: غزہ میں صیہونی افواج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ ترین کارروائی میں جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں واقع اہم ترین طبی مرکز ناصر اسپتال (Nasser Medical Complex) کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے اسپتال کے شعبہ سرجری اور عمارت کے ایک حصے پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 6 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں ایک فرائض کی ادائیگی میں مصروف ڈاکٹر (سرجن) بھی شامل ہیں۔ اس لرزہ خیز حملے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
حملے کے باعث اسپتال کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے اور وہاں زیرِ علاج مریضوں اور طبی عملے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ امدادی ٹیمیں اور رضاکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں جو ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے مصروفِ عمل ہیں۔
عالمی قوانین اور جنیوا کنونشن کے تحت جنگی حالات میں بھی اسپتالوں، طبی عملے اور مریضوں کا تحفظ لازمی قرار دیا گیا ہے، تاہم غزہ میں اسپتالوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے پہلے ہی تباہ حال صحت کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔

