مسقط:(بے نقاب نیوزرپورٹ)
اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے ٹکٹ کٹا لیا ہے۔الامرات کرکٹ گراؤنڈ مسقط میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیشی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو کہ پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنے غلط ثابت ہوا۔ بنگلہ دیشی پوری ٹیم 31.4 اوورز میں محض 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔بنگلہ دیش کی جانب سے راقیب الحسن نے 26 اور عبداللہ المحی نے 50 رنز بنائے۔پاکستان کی طرف سے رضوان اللہ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 30 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے علاوہ محمد صیام نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی نوجوان بلے بازوں نے ذمہ دارانہ اور شاندار کھیل پیش کیا۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف صرف 21.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔اوپنر حیان خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔عثمان خان نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 64 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔اس شاندار فتح کے ساتھ ہی ناقابل شکست پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے، جہاں 14 نومبر کو ٹائٹل کے لیے مقابلہ ہوگا۔

