آگرہ:(بے نقاب نیوزرپورٹ)
دنیا کے سات عجوببات میں شامل تاریخی تاج محل کی سیکیورٹی میں ایک بار پھر بڑی چوک کا انکشاف ہوا ہے۔ تاج محل کے اندر واقع شاہی مسجد کی چھت پر غیر ملکی سیاحوں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے کے بعد محکمہ آثار قدیمہ (ASI) اور سی آئی ایس ایف (CISF) کے حکام کی دوڑیں لگ گئی ہیں اور معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق، وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کچھ غیر ملکی سیاحوں کو تاج محل کے احاطے میں موجود تاریخی شاہی مسجد کی ممنوعہ چھت پر دندناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سیاح نہ صرف وہاں بے احتیاطی کی حرکات کرتے نظر آئے بلکہ انہوں نے وہاں ویڈیوز اور ریلز بھی بنائیں، جو کہ سیاحتی قواعد و ضوابط کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔تاج محل کے اندرونی حصوں، خاص طور پر شاہی مسجد کی چھت اور میناروں کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہوتے ہیں اور عام سیاحوں کا وہاں داخلہ سختی سے ممنوع ہے۔ اس کے باوجود غیر ملکی سیاحوں کا وہاں تک رسائی حاصل کر لینا اور ویڈیوز ریکارڈ کرنا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے سنگین غفلت برتی گئی۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد آگرہ پولیس اور سی آئی ایس ایف کے حکام نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں اس بات کا پتہ لگایا جا رہا ہے کہ آیا ان سیاحوں نے سیکیورٹی عملے کی مبینہ ملی بھگت سے ممنوعہ علاقے میں رسائی حاصل کی یا پھر وہ سیکیورٹی کی آنکھ بچا کر وہاں پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ غفلت برتنے والے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

