امریکی ایوانِ نمائندگان (کانگریس) میں وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد باضابطہ طور پر پیش کر دی گئی ہے، جس پر آنے والے بدھ کے روز ووٹنگ متوقع ہے۔ یہ قرارداد رکنِ کانگریس تھامس میسی نے پیش کی، جنہوں نے موقف اختیار کیا کہ پیٹ ہیگسیتھ پر جنگی اختیارات کے قانون (War Powers Act) کی سنگین خلاف ورزی کا الزام ہے۔ دوسری جانب کانگریس میں مواخذے کی کارروائی کا آغاز ہونے پر امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے پینٹاگون میں ہنگامی پریس کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا ہے تاکہ وہ ان الزامات پر اپنا موقف سامنے رکھ سکیں۔امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے خلاف پیش کی جانے والی مواخذے کی کوششوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس طرح کی کارروائی سے بالکل پریشان نہیں ہیں اور اگر موقع ملا تو وہ ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے فیصلے کو دوبارہ بھی بالکل درست سمجھیں گے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں موقف اختیار کیا کہ ایران کے خلاف فوج کا استعمال غیر مقبول اقدام تو ہو سکتا ہے مگر یہ نہائت ضروری تھا، اور کسی نہ کسی کو اس جنگ اور ایرانی رجیم کا سامنا کرنا ہی تھا۔ پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ امریکی عوام فتح سے کم کسی بھی چیز پر رضامند نہیں ہوں گے اور تاریخ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس قدم کو مثبت انداز میں یاد رکھا جائے گا کیونکہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
امریکی کانگریس میں وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد پیش

