کراچی سے تعلق رکھنے والے معروف فیملی بلاگر اور ڈیجیٹل کریٹر معاذ صفدر اور ان کی اہلیہ صبا معاذ کے ہاں ننھی پری کی آمد ہوئی ہے، جس کا اعلان انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیا۔
معاذ صفدر اور صبا معاذ سوشل میڈیا کی دنیا کے جانے پہچانے نام ہیں، جن کے یوٹیوب پر لاکھوں سبسکرائبرز اور انسٹاگرام پر بھی ملینز کی تعداد میں فالوورز موجود ہیں۔ صبا معاذ نے انسٹاگرام پر نومولود بیٹی کی آمد کی خبر شیئر کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام میں لکھا کہ کچھ نعمتیں انسان کے دل میں خاص مقام رکھتی ہیں کیونکہ ان کے لیے بہت دعائیں مانگی گئی ہوتی ہیں، اور یہ ننھی بچی ان کی انہی خوبصورت دعاؤں کی قبولت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اللہ کا بے حد شکر ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر بیٹی کی پیدائش کی خبر وائرل ہوتے ہی فالوورز، ساتھی یوٹیوبرز اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کنول آفتاب، لائبہ خرم، عینا شہزاد اور علیزا سلطان سمیت دیگر معروف شخصیات نے جوڑے کو تیسرے بچے کی پیدائش پر مبارکباد دی اور بچے کے روشن مستقبل کی دعا کی۔

