واشنگٹن: امریکہ میں ہیلووین ویک اینڈ (Halloween Weekend) کے دوران مختلف شہروں کے نائٹ لائف اضلاع اور تفریحی مقامات پر فائرنگ کے پے در پے پُرتشدد واقعات میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے یہ پرتشدد واقعات ٹیکساس، الاباما، آرکنساس، الینوائے اور مشی گن سمیت متعدد ریاستوں کے تفریحی زونز میں پیش آئے۔ سب سے بڑا خونریز واقعہ ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس (Dallas) کے معروف نائٹ لائف اور تفریحی علاقے ‘ڈیپ ایلم’ (Deep Ellum) میں پیش آیا، جہاں محض ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ کے تین مختلف طوفانی واقعات میں 4 افراد ہلاک اور 15 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام واقعات کے محرکات جاننے اور یہ معلوم کرنے کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے کہ آیا یہ حملے آپس میں جڑے ہوئے تھے یا نہیں۔
ڈیلاس کے علاوہ فائرنگ کے دیگر پرتشدد واقعات فائییٹویل (آرکنساس)، برمنگھم (الاباما)، نیوارک (ڈیلاویئر) اور بلومنگٹن (الینوائے) کے کالج ٹاؤنز اور پبلک مقامات پر بھی پیش آئے، جس سے تہوار کے دوران شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کئی مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے کچھ مشتبہ افراد کو حتحراست میں لے لیا ہے جبکہ متعدد مقامات پر تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔
علاقائی پولیس حکام اور کمیونٹی لیڈرز نے واقعے پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں اور عینی شاہدین سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس فائرنگ سے متعلق کوئی بھی ویڈیو یا معلومات ہوں تو وہ تفتیشی ٹیموں کے ساتھ شیئر کریں۔

