لندن :ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرنے کے باوجود قومی کرکٹ ٹیم کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سلو اوور ریٹ پر پاکستان ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ہفتے کے روز لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے فائنل میچ میں قومی ٹیم مقررہ وقت کے اندر ایک اوور مکمل کرنے میں ناکام رہی، جس پر میچ ریفری جیف کرو نے پاکستان کا اوور ریٹ کم قرار دیا۔
پاکستان پر آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.22 کے تحت جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس ضابطے کے مطابق مقررہ وقت میں ہر اوور کم ہونے پر کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کیا جاتا ہے۔
پاکستانی کپتان شاہین آفریدی نے سلو اوور ریٹ کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے آئی سی سی کی جانب سے عائد کردہ جرمانہ قبول کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے فائنل میں سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 326 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 9 گیندیں قبل حاصل کرکے ٹرائی نیشن سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
فائنل کے ہیرو فخر زمان رہے، جنہوں نے 99 گیندوں پر 11 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اپنے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری مکمل کی۔
ٹرائی نیشن سیریز جیتنے کے بعد قومی ٹیم کو جرمانہ کیوں ہوا?، آئی سی سی کا بڑا فیصلہ

