کراچی:
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروباری ہفتے کے اختتام پر شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ کے ایک بڑے حصے میں حصص کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔کاروباری سیشن کے دوران فروخت کے دباؤ (Selling Pressure) اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث KSE-100 انڈیکس دباؤ میں آگیا اور ایک لاکھ 67 ہزار پوائنٹس کی اہم حد برقرار نہ رہ سکی۔ اعداد و شمار کے مطابق مارکیٹ میں شامل لگ بھگ 60 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ نتیجے میں سرمایہ کاروں کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور ایک ہی روز میں سرمایہ کاروں کے ڈوبنے والے سرمائے کا تخمینہ ایک کھرب روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں اس طرح کے اتار چڑھاؤ بنیادی طور پر پرافٹ بکنگ اور وقتی اقتصادی اشاریوں کی وجہ سے آرہے ہیں، تاہم سرمایہ کاروں کی جانب سے احتیاطی تدابیر کا سلسلہ جاری ہے۔

