سانگھڑ (رپورٹ: اشفاق سلہری)
سانگھڑ، ٹنڈوآدم، شہدادپور اور کھپرو سمیت ضلع بھر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ‘یومِ سیاہِ کشمیر’ بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے۔اس موقع پر ضلع کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا اور بھرپور مظاہرے کیے گئے۔ ریلیوں کی قیادت ڈپٹی کمشنر سانگھڑ اور اسسٹنٹ کمشنرز نے کی، جبکہ مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سماجی حلقوں کے نمائندوں، شہریوں اور اسکول کے بچوں کی بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی۔
ریلیوں کے دوران کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور 27 اکتوبر 1947 کے کالے قانون اور بھارتی غاصبانہ قبضے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا فوری اور موثر کردار ادا کرے۔


