حافظ آباد:
ضلع حافظ آباد میں زمین اور جائیداد کے تنازع نے ایک بار پھر خونی رشتوں کو تار تار کر دیا، جہاں سگے بیٹوں نے جائیداد کی خاطر اپنے ہی باپ اور اس کے دوست کو گولیاں مار کر ابدی نیند سلا دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ حافظ آباد کے قریب پیش آیا، جہاں مقتول باپ اور بیٹوں کے درمیان کافی عرصے سے زمین کے معاملے پر تنازع چلا آ رہا تھا۔ آج تلخ کلامی اتنی بڑھ گئی کہ ملزم بیٹوں نے طیش میں آ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں باپ اور اس کا دوست موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور دونوں لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے ورثاء کی مدعیت میں سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور فرار ہونے والے سفاک بیٹوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ علاقے میں اس ہولناک واقعے کے بعد خوف اور سوگ کی فضا چھائی ہوئی ہے۔

