ڈھڈیال (منور حسین سے)
‘صاف ستھرا پنجاب’ چکوال کی ٹیم کی جانب سے ڈھڈیال کے شہریوں کے لیے ایک انتہائی اہم اور ہنگامی اپیل جاری کی گئی ہے۔ چک بیلی خان روڈ بائی پاس پر قائم کیے گئے کچرے کے کولیکشن پوائنٹ پر کچھ نامعلوم اور غفلت کے شکار عناصر کی جانب سے ڈمپ شدہ کچرے کو آگ لگانے کا قبیح سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، جو پورے علاقے کے لیے ماحولیاتی خطرہ بنتا جا رہا ہے۔انتظامیہ کے مطابق، اس پوائنٹ پر ڈھڈیال بھر کا کچرا اکٹھا کیا جاتا ہے جسے قواعد کے مطابق ہر دو دن بعد باقاعدگی سے بڑے ڈمپروں کے ذریعے اٹھا کر تلف کیا جاتا ہے۔ تاہم، چند دنوں سے شرپسند عناصر کچرے کو آگ لگا رہے ہیں، جس سے اٹھنے والے غلیظ اور زہریلے دھوئیں نے نہ صرف ماحول کو شدید آلودہ کر دیا ہے بلکہ علاقے میں اسموگ کے بحران کو بھی خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے۔’صاف ستھرا پنجاب’ کی ٹیم نے سخت وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس نوعیت کی ماحولیاتی غفلت کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی بھی شخص کچرے کو آگ لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تو اس کے خلاف کسی بھی قسم کی رعایت کے بغیر فوری اور سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


