واشنگٹن : دفاعی ٹیکنالوجی کی معروف اسرائیلی کمپنیوں پلاسن (Plasan) اور ایسفائر 4×4 (ASFIR 4×4) نے واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ امریکی فوج کی سالانہ نمائش (AUSA) کے دوران ایک نئی ہلکی ٹیکٹیکل گاڑی ‘اسٹارمر’ (STORMER) پہلی بار دنیا کے سامنے پیش کی ہے۔
یہ گاڑی خاص طور پر ‘اسپیشل آپریشنز یونٹس’ کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے، تاکہ مشکل اور سخت ترین علاقائی خطوں میں بڑے فوجی دستوں اور جنگی سامان کو تیزی اور بغیر کسی لاجسٹک بوجھ کے منتقل کیا جا سکے۔
‘اسٹارمر’ گاڑی کے جدید فیچرز اور خوبیاں:
جیپ گلیڈی ایٹر کا پلیٹ فارم: یہ گاڑی کمرشل ‘جیپ گلیڈی ایٹر’ (Jeep Gladiator) کے پلیٹ فارم پر ڈیزائن کی گئی ہے، تاہم عسکری ضروریات کے لیے اس کے چیزس (Chassis)، فریم، ڈرائیو لائن اور ایکسلز کو خاص طور پر مضبوط اور ری انجینئر کیا گیا ہے۔
اسٹارمر گاڑی میں 12 عسکری اہلکار سوار ہو سکتے ہیں جبکہ یہ 2,200 پاؤنڈ (تقریباً 1,000 کلوگرام) سے زائد کا جنگی سامان آسانی سے منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

گاڑی کے پچھلے حصے کو ملٹی مشن کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جس میں زخمیوں کو لے جانے (MEDEVAC)، جدید ہتھیار، ریڈار سسٹمز، ڈرون مخالف (Counter-UAS) سسٹمز، اور مواصلاتی آلات نصب کیے جا سکتے ہیں۔
گاڑی میں 3 پوزیشن والا فولڈنگ ڈور لگایا گیا ہے تاکہ اہلکار ہنگامی بنیادوں پر جلدی اتر اور چڑھ سکیں، نیز اسے ہوائی جہازوں کے ذریعے تیز رفتار ڈراپنگ اور نقل و حمل کے لیے موزوں بنایا گیا ہے۔
کمپنی سی ای او کا کہنا ہے کہ ہم نے اسٹارمر کو ثابت شدہ کمرشل 4×4 پلیٹ فارم کو انتہائی باصلاحیت اور عملی ٹیکٹیکل حل میں تبدیل کر دیا ہے، جس کی دیکھ بھال اور لائف سائیکل کا خرچ انتہائی کم ہے۔
حالیہ جنگوں اور تنازعات کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے اس گاڑی کو تیار کیا گیا ہے تاکہ وزنی آرمرڈ گاڑیوں پر انحصار کیے بغیر درمیانے سائز کے دستوں کو لچکدار اور جلدی متحرک رکھا جا سکے۔
یاد رہے کہ پلاسن کمپنی 1980ء کے دہائی کے وسط میں قائم ہوئی تھی جس نے اسرائیلی افواج اور امریکی فورسز کے لیے ‘ہموی’ (Humvees) اور ‘ایم ریپ’ (MRAP) پروگرامز کے تحت 25 ہزار سے زائد گاڑیوں کی آرمرنگ کی ہے، جبکہ ان کا ‘سینڈ کیٹ’ (SandCat) پلیٹ فارم اس وقت دنیا کے 5 براعظموں میں زیرِ استعمال ہے۔

