واشنگٹن ڈی سی:ویب ڈیسک
امریکہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی متنازع پالیسیوں کے خلاف ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی سلسلے کا آغاز ہو گیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کی سیکیورٹی، امیگریشن اور حکومتی اقدامات کے خلاف آواز اٹھانے والی "نو کنگز” (No Kings) تحریک کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ اس تحریک کا بنیادی مقصد حکومتی فیصلوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروانا اور آنے والے انتخابات کے پیش نظر عوامی طاقت کو ووٹ کی طاقت میں تبدیل کرنا ہے۔ تحریک کے منتظمین نے ملک بھر میں ہزاروں اجتماعات کا انعقاد کیا ہے، جن کا ہدف شہریوں کو قبل از وقت ووٹنگ (Early Voting) میں حصہ لینے اور اپنے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے متحرک کرنا ہے۔مختلف شہروں میں ہونے والے ان مظاہروں اور اجتماعات میں شرکاء نے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی، جب کہ سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تحریک امریکی سیاسی منظر نامے میں ایک بڑا موڑ ثابت ہو سکتی ہے جو آئندہ کے انتخابی نتائج پر گہرے اثرات مرتب کرے گی۔

