کولکتہ (ویب ڈیسک): بھارت کے شہر کولکتہ کے شمال میں واقع "چور باگان ساربو جنین درگا پوجا” پنڈال میں ہفتے کی شام شدید بھگدڑ مچنے سے 19 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔
حادثہ شام تقریباً 7:40 بجے پنڈال کے خروجی راستے (Exit Gate) پر اس وقت پیش آیا جب اچانک تیز بارش کے باعث نچلے علاقوں اور باہر موجود ہجوم نے پنڈال کے اندر گھسنے کی کوشش کی، جس سے شدید افراتفری پھیل گئی۔
حکام کے مطابق 17 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 2 شدید زخمیوں نے بعد میں ہسپتال میں دم توڑا، جن میں ایک 7 سالہ بچی بھی شامل ہے۔ حادثے میں 25 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 24 کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے جبکہ 1 زخمی شدید تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔
کولکتہ پولیس نے معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے درگا پوجا انتظامی کمیٹی کے اراکین اور سیکورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
ریاست اور مرکزی حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 25 لاکھ روپے اور سرکاری ملازمت دینے، جبکہ زخمیوں کا مفت علاج اور امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل ریلیف فنڈ سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 2،2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50،50 ہزار روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
موقع پر موجود عینی شاہدین کے مطابق شدید بارش اور ناقص کراؤڈ مینجمنٹ کی وجہ سے لوگ ایک دوسرے کے اوپر گرنے لگے، جس کی وجہ سے یہ دلخراش واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کو تحویل میں لے کر حادثے کے وجوہات کا تفصیلی جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
کولکتہ میں درگا پوجا پنڈال میں بھگدڑ: 19 افراد ہلاک، 25 زخمی؛ 12 افراد گرفتار، امداد کا اعلان

