سیالکوٹ (بیورو رپورٹ – سلیم احمد اعوان شیخو)
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے چیمبر کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی۔وفد میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے علاوہ وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب چودہری فیصل اکرام بھی شامل تھے۔ اس اہم دورے کے دوران انہوں نے چیمبر کے نومنتخب صدر خاور حسین سپال، سینئر نائب صدر اسد نصیر ملک، نائب صدر چودھری جہانگیر رشید اور دیگر ٹریڈ باڈی کے عہدیداران کو ان کے عہدے سنبھالنے پر مبارکباد دی۔اجلاس اور تقریب میں گروپ لیڈر شیخ ریاض الدین، ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ، ماجد رضا بھٹہ، خرم اسلم بٹ (صدر سمال ٹریڈز چیمبر آف کامرس)، حسن علی بھٹی، شبنم آصف (صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری)، نادیہ قیصر (سینئر نائب صدر)، نصرت جمشید، ڈاکٹر مریم نعمان، خواجہ سلطان ٹیپو، رانا وحید گڈو سمیت بزنس کمیونٹی کی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیالکوٹ کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ: بزنس کمیونٹی کے لیے تجارتی میلوں اور نمائشوں کے انعقاد کے لیے ایک جدید ترین ایکسپو سینٹر تعمیر کیا جائے گا، جس سے سیالکوٹ کی برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔ سیالکوٹ میں 300 بستروں پر مشتمل ایک جدید ترین نئے ہسپتال کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔شہر میں رنگ روڈ، موٹروے اور دیگر مواصلاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔خواجہ محمد آصف نے اس بات پر زور دیا کہ ان تمام اقدامات کا بنیادی مقصد سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا اور کاروباری طبقے کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔


