ممبئی:
بالی ووڈ کی معروف اور لیجنڈری اداکارہ نیتو کپور نے اپنی شادی سے جڑا ایک انتہائی دلچسپ اور حیرت انگیز واقعہ بیان کیا ہے، جس نے مداحوں کو ایک بار پھر ماضی کے جھروکوں میں جھانکنے پر مجبور کر دیا ہے۔نیتو کپور نے ایک پرانے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی شادی کی تقریب میں کچھ جیب کترے بھی مہمانوں کے روپ میں داخل ہو گئے تھے۔ یہ دلچسپ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب شادی کے بعد تحائف کے پیکٹس کھولے گئے، تو ان میں قیمتی اشیا کے بجائے مبینہ طور پر پتھر اور پرانی چپلیں نکلی تھیں، جسے دیکھ کر سب دنگ رہ گئے تھے۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ اس ہائی پروفائل شادی میں شائقین اور مہمانوں کا اس قدر شدید رش تھا کہ وہ خود گھبراہٹ کے باعث بے ہوش ہو گئی تھیں، جبکہ دوسری جانب آنجہانی اداکار رشی کپور بھی گھوڑی پر سوار ہونے سے پہلے گھبراہٹ کے باعث بے ہوش ہو گئے تھے۔واضح رہے کہ بالی ووڈ کے اس مشہور جوڑے یعنی نیتو کپور اور آنجہانی اداکار رشی کپور کی شادی 22 جنوری 1980 کو ممبئی کے تاریخی ‘آر کے ہاؤس’ میں ہوئی تھی، اس شاہانہ تقریب میں فلمی صنعت کی بڑی شخصیات سمیت کثیر تعداد میں مہمان شریک ہوئے تھے جو آج بھی بالی ووڈ کی تاریخ کا ایک یادگار باب مانا جاتا ہے۔

