لاہور:صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے فلیگ شپ منصوبے "اپنی چھت، اپنا گھر” کے خلاف چلائے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے کا پول کھولتے ہوئے اسے سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ۔عظمیٰ بخاری اس منصوبے کے تحت اپنے گھر بنانے اور حاصل کرنے والے مستحقین کی لائیو ویڈیوز اور مستند اعداد و شمار میڈیا کے سامنے لے آئیں، جس نے مخالفین کے تمام الزامات کو بے بنیاد ثابت کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے کا کرارا جواب دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے دوٹوک الفاظ میں کہا: "بہت جہالت دکھا لی، اب ذرا حقیقت بھی جان لیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے سامنے کسی سیاسی جماعت کی تختی نہیں، بلکہ ایک عام پاکستانی خاندان کا خواب حقیقت بن کر کھڑا ہے۔”
عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کو چیلنج کرتے ہوئے سوال کیا کہ اگر یہ سب جھوٹ ہے تو پھر مندرجہ ذیل حقائق کا جواب دیں:
اگر یہ گھر پہلے سے بنے ہوئے تھے تو پھر 214,302 بلاسود قرضے کس نے جاری کیے؟
278 ارب 46 کروڑ روپے سے زائد کی بھاری بلاسود رقم کس نے فراہم کی؟
اب تک 1 لاکھ 20 ہزار 753 گھر کامیابی سے مکمل کیسے ہو چکے ہیں؟
جبکہ 60 ہزار 464 گھر اس وقت بھی تعمیر کے آخری مراحل میں کیسے جاری ہیں؟
گھر کی چابی ہی اصل گواہی ہے:
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوام کے ان گھروں کو اپنی سیاسی ملکیت ثابت کرنے کی اوچھی کوششیں شاید سوشل میڈیا کے فیک اکاؤنٹس پر چل جائیں، مگر ان گھروں میں رہنے والے اصل مستحقین کی براہِ راست گواہی کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ یہ تختیوں اور نعروں کی سیاست نہیں بلکہ غریب عوام کو ان کی اپنی چھت فراہم کرنے کا عملی اور تاریخی منصوبہ ہے۔
عظمیٰ بخاری نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ جن کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کے لیے کچھ نہیں ہوتا، وہ ہمیشہ دوسروں کے ترقیاتی کاموں پر کہانیاں گھڑنے میں مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جتنا مرضی پروپیگنڈا کر لیا جائے، گھر تو آخر گھر ہی ہوتا ہے اور جس خاندان کے ہاتھ میں چابی ہو، اصل گواہی بھی اسی کی ہوتی ہے۔

