اسلام آباد :اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی القادر ٹرسٹ کیس میں سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت 5 اکتوبر کو مقرر کر دی ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ کیس کی سماعت کرے گا، جبکہ عدالت نے دونوں فریقوں کے وکلا سے حتمی دلائل طلب کر رکھے ہیں۔
خیال رہے اسلام آباد کی ایک احتساب عدالت نے جنوری 2025 میں 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی سات برس قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔
عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈز یا القادر ٹرسٹ کیس اس 450 کینال سے زیادہ زمین کے عطیے سے متعلق ہے جو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن کی جانب سے القادر یونیورسٹی کے لیے دی گئی تھی۔
القادر ٹرسٹ کیس: سزاؤں کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر

