اسلام آباد: کسٹمز اسلام آباد نے موٹروے ایم ٹو (سی پیک روٹ) پر ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے پنجاب سمگل کی جانے والی 1200 کلو گرام (1.2 ٹن) اعلیٰ کوالٹی چرس کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
محکمہ کسٹمز کے حکام کے مطابق، موٹروے پر کی جانے والی اس انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران نان کسٹم پیڈ لگژری لینڈ کروزر گاڑی کو روکا گیا جس میں بھاری مقدار میں منشیات چھپائی گئی تھی۔ سمگلرز کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکمہ دینے کی پوری کوشش کی گئی، تاہم کارروائی کے دوران تمام ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ضبط شدہ منشیات کی مالیت اور پچھلی کارروائیاں
حکام کا کہنا ہے کہ پکڑی جانے والی اس منشیات کی مقدار (1200 کلو چرس) کی بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں تخمینی مالیت پانچ ارب روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔ منشیات کو ضبط کر کے کسٹمز کی تحویل میں دے دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کسٹمز کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اس کارروائی سے صرف ایک ہفتہ قبل کسٹمز عملے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 25 کروڑ روپے مالیت کی 35 کلو گرام فیڈ (منشیات) بھی کامیابی سے ضبط کی تھی، جو ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانے کی ایک اور بڑی مثال ہے۔
کسٹمز کی موٹر وے پر تاریخی کارروائی: پانچ ارب مالیت کی منشیات اورنان کسٹم پیڈ لینڈ کروزر ضبط!

