ممبئی:بالی وڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان نے ایک بار پھر انڈین سنیما کے سب سے امیر اداکار ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، تاہم حالیہ مالیاتی اعداد و شمار نے سب کو دنگ کر دیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ’ہورون انڈیا رِچ لسٹ 2026‘ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق کنگ خان تمام تر مالیاتی اتار چڑھاؤ کے باوجود ایک بار پھر فہرست میں سرفہرست ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فلموں، برانڈ اینڈورسمنٹس، پروڈکشن ہاؤس ’ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ‘ اور آئی پی ایل فرنچائز ’نائٹ رائڈرز اسپورٹس‘ سے کمائی کرنے والے شاہ رخ خان کی کُل دولت کا تخمینہ 10 ہزار کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گذشتہ برس ان کی دولت 12 ہزار 490 کروڑ روپے تھی، یوں محض ایک سال کے دوران ان کے اثاثوں میں 2490 کروڑ روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ کسی بھی بھارتی اداکار کے لیے سب سے بڑا سالانہ مالیاتی جھٹکا مانا جا رہا ہے۔ اس کے باوجود وہ تختِ امارت پر اکیلے راج کر رہے ہیں۔
اس امیر ترین فہرست میں بالی وڈ کے دیگر سپر اسٹارز کا بھی بڑا نام ہے۔ لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن 4 ہزار کروڑ روپے کے ساتھ دوسرے جبکہ سلمان خان 3 ہزار کروڑ روپے کی پونجی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ دوسری جانب ہریتھک روشن نے مالی میدان میں شاندار ترقی کرتے ہوئے ڈھائی ہزار کروڑ روپے کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ایک طرف جہاں کنگ خان کی دولت میں کمی کی بازگشت ہے، وہیں دوسری طرف وہ فلمی دنیا میں ایک بار پھر تہلکہ مچانے کو تیار ہیں۔ شاہ رخ خان ان دنوں اپنی انتہائی متوقع اور سنسنی خیز ایکشن فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کی ہدایات سدھارتھ آنند دے رہے ہیں۔ سال 2023 کی سپر ہٹ فلم ’ڈنکی‘ کے بعد یہ بڑی اسکرین پر ان کی شاندار واپسی ہوگی، جس میں دیپیکا پاڈوکون، سوہانا خان، ابھیشیک بچن اور انیل کپور جیسے بڑے ستارے جلوہ گر ہوں گے۔ شائقین کی یہ بڑی فلم رواں سال 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
اربوں کا نقصان پھر بھی بالی وڈ کے ’کنگ‘ کا خطاب برقرار رکھنے والا کون؟

