سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو):
پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس سیالکوٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کرنل (ر) قمر اسحاق بٹ نے کہا ہے کہ فورس کا بنیادی مقصد معاشرے سے منشیات کے ناسور کا خاتمہ اور منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئس، چرس، کوکین اور ہیروئن سمیت مختلف اقسام کی منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور فروخت کے باعث ہماری نوجوان نسل اور معاشرے کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس منشیات کے تمام مرکزی و ذیلی نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرے گی۔
حکومت پنجاب نے منشیات کے اس مکروہ دھندے میں ملوث منظم گروہوں کو قانون کے شکنجے میں لانے اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے ہی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس جیسا بااختیار ادارہ قائم کیا ہے۔
کرنل (ر) قمر اسحاق بٹ نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات کے خلاف اس جنگ میں صحافیوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ عوام میں شعور و آگاہی بیدار کرنے اور معاشرے کو منشیات پاک بنانے کے لیے صحافی برادری اور سرکاری اداروں کے درمیان مضبوط و مؤثر رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

