قبولہ بائی پاس پر تیز رفتاری کے باعث مزدا بس الٹ گئی۔ خواتین اور بچوں سمیت 14 زخمی 6 کی حالت تشویشناک
پاکپتن(رپورٹ:اکرام حسین شاہ )
پاکپتن کے علاقے قبولہ بائی پاس پر شادی کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے جانے والے افراد کی بس حادثے کا شکار ہو گئی۔ تیز رفتاری کے باعث مزدا بس اسپیڈ بریکر سے ٹکرانے کے بعد بے قابو ہو کر سڑک کنارے الٹ گئی، جس کے نتیجے میں خواتین، نوجوانوں اور بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے۔

خوش قسمتی سے حادثے میں کسی شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ہے، تاہم شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جانے والے خاندان پر اچانک آنے والی اس آزمائش نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ جس گھر میں شادی کی شہنائیاں گونجنا تھیں، وہاں حادثے کی خبر پہنچتے ہی تشویش اور سوگ کی کیفیت طاری ہو گئی اور اپنوں کی سلامتی کے لیے دعاؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
مقامی افراد نے تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈرائیورز سے محتاط ڈرائیونگ کی اپیل کی ہے۔




