معاہدے پر دستخط ، اس قدم سے دونوں برادر ممالک کے مابین سفارتی و معاشی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی
اسلام آباد / ریاض:
پاکستان اور مملکتِ سعودی عرب کے مابین دوطرفہ سفارتی رابطوں اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت دونوں ممالک نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزے کی شرائط ختم کرنے کے معاہدے پر باضابطہ دستخط کر دیے ہیں۔معاہدے کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے سفارتی اور سرکاری (Official) پاسپورٹ ہولڈرز بغیر پیشگی ویزا حاصل کیے ایک دوسرے کے ملک میں سفر اور مقررہ مدت تک قیام کر سکیں گے۔اس اقدام کا بنیادی مقصد اعلیٰ سطحی وفود، سفارتکاروں اور سرکاری حکام کے آمد و رفت کے عمل کو آسان اور تیز تر بنانا ہے۔ویزا فری سہولت سے دونوں ممالک کے درمیان پالیسی سازی، تجارتی مذاکرات اور باہمی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے فوری اور بلا تاخیر سفر ممکن ہو سکے گا۔دوطرفہ تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ مستقبل میں بھی مختلف شعبوں میں تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔

