سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ریجنل پولیس آفیسر (RPO) گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ کی ہدایت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی زیرِ نگرانی سکولز اور کالجز میں خواتین اور بچوں کے تحفظ سے متعلق خصوصی آگاہی سیشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ 14 ستمبر سے شروع ہونے والی یہ مہم 19 ستمبر تک جاری رہے گی۔ پولیس آفیسران اساتذہ اور طلبہ کو خواتین و بچوں کے حقوق، تشدد، ہراسانی اور جنسی استحصال سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔ بچوں کو آسان الفاظ میں "گڈ ٹچ” اور "بیڈ ٹچ” کا فرق سمجھایا جا رہا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری طور پر والدین، اساتذہ یا پولیس کو اطلاع دینے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ سیشنز کے دوران ویمن سیفٹی ایپ، سیکورٹی پینک بٹن، ہیلپ لائن 15، ورچوئل وویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی، تحفظ مرکز، وکٹم سپورٹ آفیسران اور "میرا پیارا” ایپ کے استعمال کے بارے میں تفصیلی معلومات دی جا رہی ہیں۔ اساتذہ اور والدین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بچوں کی بات توجہ سے سنیں اور انہیں بلا خوف اپنی بات یا پریشانی بیان کرنے کا اعتماد دیں۔ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح اور مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ متاثرین کو مکمل تحفظ و قانونی معاونت فراہم کی جائے گی اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔


