لاہور:صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیرآباد میں پیش آنے والے ایک واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفین کے ہوش ٹھکانے نہیں ہیں اور وزیرآباد میں قدم رکھتے ہی ان پر مبینہ طور پر پاگل پن کے دورے پڑنے لگتے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے فوٹیج اور شواہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقدس علی نامی کانسٹیبل اپنی ڈیوٹی پر مامور تھا، لیکن اس کے باوجود یہ ہرزہ سرائی کی جا رہی ہے کہ وہ مبینہ طور پر حملہ کرنے آیا تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ فوٹیج میں ایس ایچ او بھی صاف نظر آ رہا ہے جن کی موجودگی میں ڈیوٹی پر موجود کانسٹیبل کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ کانسٹیبل کا باقاعدہ ڈیوٹی کارڈ بھی وہاں موجود تھا۔
سیاسی حریفوں پر کڑے طنز کے تیر برساتے ہوئے صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ "اللہ جانے وزیر آباد جاتے ہی ان پہ پاگل پن کے دورے کیوں پڑتے ہیں؟” انہوں نے ماضی کی یاد تازہ کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ "پینا ڈول کی گولیاں تو یاد ہوں گی نا؟ جیسا گرو ویسے پاگل چیلے۔” عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ قانون کی دھجیاں اڑانے اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے انتظامیہ کو دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا۔

