نواب شاہ: (رپورٹ نفیس آرائیں)
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا قافلہ نواب شاہ پہنچے، جہاں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور خواتین کارکنان نے ان کا پُرجوش اور والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنان نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی حمایت اور رہائی کے حق میں بھرپور نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے قائد سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی قافلے کے ہمراہ شیراز چوک پہنچے، جہاں پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد پہلے سے موجود تھی۔ کارکنان کی جانب سے وزیراعلیٰ کے استقبال کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی تھیں، جبکہ چوک پر پارٹی کارکنان نے نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے قائدین کے حق میں جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
شیراز چوک پر منعقدہ بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر ہمت ہے تو خان صاحب کو باہر نکالو، پھر معلوم ہوجائے گا کہ پاکستان کے عوام کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوام کی جانب سے جس انداز میں ان کا استقبال کیا گیا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سندھ کے عوام تبدیلی کے خواہاں ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اپنے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کی مقامی قیادت اور کارکنان نے بھی عمران خان کی رہائی کے حق میں نعرے بلند کیے۔


