نئی دہلی: محکمۂ موسمیات نے پیر کے روز اپنی ماہانہ پیش گوئی میں کہا ہے کہ ستمبر میں بھارت میں معمول سے کم بارش ہونے کا امکان ہے۔ بارش کی مقدار طویل المدتی اوسط
(Long-Period Average)
کے 91 فیصد سے کم رہنے کا تخمینہ ہے، جس سے ملک کے کئی حصوں میں مسلسل بارش کی کمی کو لے کر تشویش بڑھ گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجے مہاپاترا نے کہا کہ ستمبر کے دوران پورے ملک میں ماہانہ بارش معمول سے کم رہنے کا قوی امکان ہے۔ 1971ء سے 2020ء کے عرصے کے بارش کے اعداد و شمار کی بنیاد پر اس مہینے کے لیے طویل المدتی اوسط تقریباً 167.9 ملی میٹر ہے۔
ستمبر میں درجۂ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان
مہاپاترا نے مزید کہا کہ ملک کے زیادہ تر حصوں میں کم بارش ہونے کا امکان ہے، تاہم مشرقی، شمال مشرقی اور وسطی بھارت کے کچھ علاقوں میں تقابلی طور پر بہتر بارش ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ ستمبر میں ماہانہ اوسط زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
یہ تخمینہ اگست میں کم بارش کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس مہینے بھارت میں 213.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، جو معمول سے 16.3 فیصد کم تھی اور 2001ء کے بعد سے اگست میں ہونے والی ساتویں سب سے کم بارش تھی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق، بھارت میں 1901ء کے بعد سے سب سے گرم اگست ریکارڈ کیا گیا۔ یہاں اوسط درجۂ حرارت 28.01 ڈگری سیلسیس رہا، جب کہ معمول کا درجۂ حرارت 27.34 ڈگری سیلسیس ہوتا ہے۔ اگست کے مہینے میں اوسط کم سے کم درجۂ حرارت بھی 1901ء کے بعد سے سب سے زیادہ یعنی 24.36 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جب کہ معمول کا کم سے کم درجۂ حرارت 23.68 ڈگری سیلسیس ہوتا ہے۔

