سیالکوٹ ۔سلیم احمد اعوان شیخو
سیالکوٹ کے سرکاری ہسپتال بھی غیر محفوظ ہو گئے ہیں ہسپتال میں خاتون وارڈ سرونٹ کا مریض کی تیمار داری کے لئے آئی خاتون پر تشدد اور موبائل فون توڑنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں مریض کی تیمارداری کے لئے آنے والی خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ اس سے وارڈ سرونٹ پروین بی بی نے رشوت نہ دینے پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اس کا قیمتی موبائل بھی چھین کر توڑ دیا۔پتہ چلا ہے کہ متاثرہ خاتون نے تھانہ رنگ پورہ میں درخواست دی ہے لیکن پولیس مذکورہ وارڈ سرونٹ خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے سلسلہ میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جبکہ متاثرہ خاتون نے اعلیٰ پولیس حکام اور متعلقہ انتظامیہ سے انصاف، قانونی کارروائی اور تحفظ کے لئے اپیل کی ہے۔اس سلسلہ میں ہسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعہ کے رونما ہونے کا ان کے علم میں نہ ہے۔

