بلوچستان رحمت اللہ بلوچ بیوروچیف بے نقاب نیوز)
اہل علاقہ کے مطابق جان محمد کوری روڈ، نیو فقیر محمد روڈ، فقیر محمد روڈ کوئٹہ اور ملحقہ گلیوں میں گزشتہ کئی دنوں سے پانی کا شدید بحران جاری ہے، جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق پانی کی فراہمی کا مقررہ وقت تقریباً ایک گھنٹہ بتایا جاتا ہے، تاہم عملی طور پر صرف چند منٹ کے لیے پانی چھوڑا جا رہا ہے، جو گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ شدید گرمی میں پانی کی قلت کے باعث خواتین، بچوں اور بزرگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت کے باعث انہیں مہنگے داموں ٹینکروں سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ متعلقہ حکام صورتحال سے آگاہ ہونے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔علاقہ مکینوں نے واسا حکام اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے، پانی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھانے اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں شہریوں کو پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم رکھنا ناقابلِ قبول ہے۔


