سانگھڑ، رپورٹ: اشفاق سلہری
پرانے تنازع پر بروہی اور عمرانی برادری میں مسلح تصادم، متعدد افراد زخمی؛ پولیس کی جانب سے بروہی برادری کے معززین کی گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج
تفصیلات کے مطابق شاہپورچاکر تھانے کی حدود میں پرانے تنازعے کے باعث بروھی اور عمرانی برادری کے مابین شدید مسلح تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں فائرنگ اور لاٹھی چارج کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد اس وقت شدید اشتعال پھیل گیا جب مقدمہ درج کرانے کے لیے تھانے پہنچنے والے بروھی برادری کے معززین کو ہی پولیس نے حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کی اس ناانصافی اور یک طرفہ کارروائی پر بروھی برادری کے سیکڑوں افراد نے پہلے شاہپورچاکر تھانے اور بعد ازاں پریس کلب کے سامنے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پولیس پیپلز پارٹی کے ایم این اے صلاح الدین جونیجو کے دباؤ میں آکر عمرانی برادری کی طرف داری کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہم پیپلز پارٹی کے دیرینہ ووٹر ہیں ہمارے ساتھ سیاسی دباؤ پر ناانصافی اور ظلم بند کیا جائے اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔بروھی برادری کے شدید عوامی احتجاج اور ذرائع ابلاغ کی توجہ کے بعد بالاخر پولیس کو تسلیم کرنا پڑا اور حملہ کرنے والے عمرانی برادری کے نامزد افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔ علاقے میں تناؤ کی صورتحال برقرار ہے جبکہ پولیس مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے الرٹ ھے۔


