سانگھڑ، رپورٹ: اشفاق سلہری
سانگھڑ: اندرونِ سندھ ہیموفیلیا کے مرض میں مبتلا مریضوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے سانگھڑ سول اسپتال میں 10 بستروں پر مشتمل ہیموفیلیا سینٹر قائم کردیا گیا ہے، جہاں اندرونِ سندھ سے تعلق رکھنے والے 160 مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔سینیٹر قرۃالعین مری نے سول اسپتال سانگھڑ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیموفیلیا کے مریضوں کو علاج کی سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنا ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیموفیلیا کے ایک مریض کے علاج پر سالانہ تقریباً 40 لاکھ روپے خرچ آتا ہے، اس لیے ایسے مریضوں کو بروقت اور مستقل طبی سہولیات کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔اس موقع پر سول سرجن ڈاکٹر آفتاب بلوچ نے بھی خطاب کیا اور ہیموفیلیا سینٹر کے قیام، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور علاج کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر کے قیام سے سانگھڑ سمیت اندرونِ سندھ کے ہیموفیلیا کے مریضوں کو علاج کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر کرنے کی مشکلات میں کمی آئے گی۔تقریب میں محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹرز، طبی عملہ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔


