سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
سیالکوٹ میں یوم آزادی کی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب تاریخی قلعہ سیالکوٹ میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر وقار خان، ڈی پی او دوست محمد، اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور شکیلہ آرتھر، خواجہ سلطان سمیت دیگر معززین نے خصوصی شرکت کی۔تقریب میں سکھ، مسیحی اور ہندو برادریوں کے نمائندوں سمیت دیگر اقلیتوں نے بھی شرکت کی جو پاکستان کی خوبصورت قومی یکجہتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی عکاسی کرتی ہے۔ صبح ٹھیک 9 بجے سائرن بجایا گیا اور فضا ملی نغموں سے گونج اٹھی۔ پنجاب پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور اسکاؤٹس کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔
پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا، جبکہ طلبہ و طالبات نے ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کرکے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ پاکستان کی افواج کی قابلیت اور صلاحیت کا لوہا پوری دنیا مانتی ہے اور افواج پاکستان ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت اور علامہ محمد اقبال کے افکار کی روشنی میں پاکستان آج کے دن آزاد ہوا اور آج پوری قوم نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ جشن آزادی منا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آج کا دن اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔
منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ ہمارے آباء و اجداد نے جانوں کی قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی، اس لیے ہر پاکستانی آزادی کی حفاظت کا امین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج کی قابلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور پوری قوم ملک کے دفاع کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے، ہمیں اتحاد، محنت اور قومی یکجہتی کے ذریعے ملک کو مزید مضبوط اور ترقی یافتہ بنانا ہے۔ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک، ہماری پہچان اور ہمارا مستقبل ہے۔ پوری قوم آج نئے جذبے اور حوصلے کے ساتھ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں اتحاد، نظم و ضبط اور وطن سے وفاداری کا پیغام دیتا ہے۔صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ، ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق، سٹیشن کمانڈر برگیڈیئر وقار خان، ڈی پی او دوست محمد نے اس موقع پر پودے بھی لگائے ۔

