صوابی ( حق نواز خان )
ٹوپی۔کوٹھا کازوے کا اپروچ روڈ معمولی مرمت کے بعد ایک بار پھر بارش کا دباؤ برداشت نہ کر سکا، جس کے باعث ٹوپی، کوٹھا، انبار اور ملحقہ علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا اور ہر قسم کی ٹریفک معطل ہو گئی۔ شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے متعلقہ اداروں کی غفلت اور ناقص منصوبہ بندی قرار دیا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں دالوڑی کے مقام پر کلاؤڈ برسٹ کے باعث اپروچ روڈ شدید متاثر ہوا تھا، تاہم اس کی مستقل بنیادوں پر بحالی کے بجائے صرف عارضی مرمت کی گئی، جو پہلی ہی قابلِ ذکر بارش میں ناکام ثابت ہوئی۔ شہریوں کے مطابق ہر سال بارشوں کے دوران یہی صورتحال پیدا ہوتی ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات، معاشی نقصان اور سفری پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ قومی وسائل بھی بار بار ضائع ہوتے ہیں۔شہریوں نے محکمہ ایریگیشن، صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور منتخب عوامی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ سڑک کو فوری طور پر ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے اور اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے جدید معیار کے مطابق مضبوط اور کشادہ متبادل پل کی تعمیر ہنگامی بنیادوں پر شروع کی جائے تاکہ مستقبل میں عوام کو بار بار اس اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔عوام نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اب وقتی اور عارضی اقدامات کے بجائے مستقل اور پائیدار حل ناگزیر ہے، کیونکہ ٹوپی کازوے ہزاروں شہریوں کی روزمرہ آمدورفت کا اہم ذریعہ ہے اور اس کی بار بار بندش پورے علاقے کی سماجی و معاشی سرگرمیوں کو متاثر کر رہی ہے۔

