لاہور:برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ عرس مبارک کے لیے صوبائی دارالحکومت لاہور تیار ، جہاں ملک بھر اور بیرونِ ملک سے آنے والے لاکھوں زائرین کے استقبال کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
یادرہےعرس مبارک کا یہ روحانی اجتماع 2 سے 4 اگست تک منعقد ہوگا، جس کی خصوصی نگرانی ڈاکٹر احسان بھٹہ کر رہے ہیں۔
داتا دربار پر جاری ترقیاتی کاموں کے باوجود زائرین کی آسان آمدورفت اور سہولت کے لیے ایک جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے، اور محکمہ اوقاف نے عرس کو مثالی، منظم اور یادگار بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ تعمیراتی سرگرمیوں کے باوجود زائرین کی سہولت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر زائر کو محفوظ، پرسکون اور باوقار ماحول فراہم کیا جائے گا۔
مفت شٹل سروس اور پارکنگ: زائرین اور عقیدت مندوں کے لیے خصوصی پارکنگ اور چار مفت شٹل سروسز کا انتظام کیا گیا ہے، جن کے ذریعے بزرگ شہریوں کو داتا دربار تک باقاعدہ پہنچایا جائے گا۔
نئے روٹس: دربار آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے نئے داخلی راستوں اور ٹریفک روٹس کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
خصوصی افراد کے لیے انتظامات: عرس کے دوران خواتین، بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایل ای ڈی اسکرینز کا تنصیب: اختتامی دعاؤں میں لاکھوں زائرین کی شرکت کو آسان بنانے کے لیے مختلف اہم مقامات پر بڑی ایل ای ڈی اسکرینز نصب کی گئی ہیں۔
لنگر اور صفائی: زائرین کی خدمت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے لنگر کی تقسیم، صفائی ستھرائی، سکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
تین روزہ عرس کے دوران دربار کے احاطے میں محفلِ سماع، خصوصی دعائیں اور روح پرور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔

