سکھر(سے ڈویزنل بیوروچیف نصیر لاشاری کی رپورٹ )
روہڑی کی رہائشی خاتون شبانہ پٹھان نے سکھر پریس کلب پہنچ کر صحافیوں کے سامنے اپنی جان کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے دیور اشرف نائچ اور ایک وکیل رقیب عباسی انہیں مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر ہراساں کر رہے ہیں۔ چند روز قبل نامزد افراد نے ان کے گھر پر حملہ کیا، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور خوف و ہراس پھیلایا، جس کے بعد انہوں نے اپنے دیور کے خلاف ہراسانی سے متعلق عدالت میں درخواست دائر کی۔ اب انہیں مذکورہ درخواست واپس لینے کے لیے وکیل رقیب عباسی کے ذریعے مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔متاثرہ خاتون کے مطابق ان کے شوہر دوست محمد نائچ نے نکاح کے وقت اپنی جائیداد ان کے نام منتقل کی تھی، جس کے بعد سے ان کے دیور نے اس معاملے پر دشمنی اختیار کر لی ہے اور مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے انہیں اور ان کے خاندان کو ذہنی اذیت اور ہراسانی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔شبانہ پٹھان نے اعلیٰ حکام، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان کی جان و مال کو درپیش خطرات کا فوری نوٹس لیا جائے، انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مؤثر سکیورٹی اور قانونی تحفظ فراہم کیا جائے، جبکہ نامزد افراد کے خلاف قانون کے مطابق شفاف تحقیقات کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔وہ انصاف کی فراہمی اور اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب دیکھ رہی ہیں اور امید کرتی ہیں کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے گا۔

