سیالکوٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو
صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے واسا سیالکوٹ کو بارشی پانی کے فوری نکاس کے لیے جدید مشینری کی فراہمی پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہریوں کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حالیہ مون سون بارشوں کے دوران واسا سیالکوٹ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے جدید مشینری کی فراہمی ایک بروقت اور اہم اقدام ہے۔ نئی مشینری کی بدولت بارشی پانی کے فوری نکاس، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل کے حل اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ پنجاب حکومت جدید وسائل بروئے کار لا کر شہریوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب بھر میں عوامی خدمت، جدید انفراسٹرکچر اور مؤثر شہری سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سیالکوٹ میں نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے واسا سیالکوٹ کی انتظامیہ اور فیلڈ عملے کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے دوران متحرک انداز میں فرائض کی انجام دہی قابلِ تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی توجہ اور جدید مشینری کی فراہمی سے نکاسیٔ آب کا نظام مزید مؤثر ہوگا اور شہریوں کو بروقت ریلیف ملے گا۔

