لاہور:چھجو چوک سے مانگا بائی پاس کی جانب دو فیکٹری کوسٹرز کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک کوسٹر الٹ گئی جبکہ دوسری کو شدید نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم تقریباً 20 زخمی ورکرز کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ کرینوں کی مدد سے الٹی ہوئی کوسٹر کو ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے حادثے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں ملوث دونوں ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی اور ان کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ اگر تحقیقات میں اوورسپیڈنگ، غفلت یا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو متعلقہ ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے فیکٹری ٹرانسپورٹ انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے ڈرائیورز کی تربیت، رفتار کی نگرانی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

