ممبئی:بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنے حالیہ بلاگ میں سرجری اور آئی سی یو کے حوالے سے لکھی گئی باتوں پر مداحوں میں پھیلنے والی تشویش اور افواہوں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ 83 سالہ اداکار نے وضاحت کی ہے کہ ان کے بیان کو یکسر غلط رنگ دیا گیا، جبکہ حقیقت میں ان کی کوئی سرجری نہیں ہوئی اور وہ بالکل صحت مند ہیں۔
معاملے پر روشنی ڈالتے ہوئے امیتابھ بچن نے بتایا کہ ان کا اشارہ دراصل فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کی شکست اور لیونل میسی کی جانب سے اس ہار کے بعد خود کو سنبھالنے کی جدوجہد کی طرف تھا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے خود ہی یہ فرض کر لیا تھا کہ وہ اپنی کسی ذاتی طبی حالت کے بارے میں لکھ رہے ہیں۔
اداکار نے اپنے بلاگ نوٹ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محض ایک تشبیہ دی تھی کہ سرجری اور آئی سی یو سے نکل کر گھر آنے کے بعد کا مرحلہ جتنا مشکل ہوتا ہے، بالکل ویسا ہی کٹھن وقت کسی بڑے چیمپئن کی شکست کے بعد خود کو بحال کرنا ہوتا ہے۔ اپنی صحت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے طنزیہ اور پرسکون انداز میں جواب دیا کہ وہ "ابھی تک بالکل ٹھیک” ہیں۔
یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں ارجنٹائن کی شکست کے اگلے روز امیتابھ بچن نے اپنے ٹمبلر بلاگ پر ہسپتال، سرجری، آئی سی یو اور گھر واپسی کے چیلنجز پر ایک طویل نوٹ شیئر کیا تھا جس میں ورلڈ کپ کا براہِ راست ذکر نہیں تھا، جس کی وجہ سے مداحوں میں کھلبلی مچ گئی تھی۔ اب اس وضاحت کے بعد مداحوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
ورک فرنٹ کی بات کی جائے تو امیتابھ بچن بہت جلد فلم ‘کالکی 2898 اے ڈی’ کے سیکوئل میں ایک بار پھر ‘اشوتھاما’ کے طاقتور کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ وہ مقبول ترین کوئز شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے نئے سیزن کی میزبانی کے فرائض سر انجام دینے کے لیے بھی 10 اگست سے سکرین پر واپس آرہے ہیں۔

