ہنگورجہ: رپورٹ فياض محسن سولنگي
رسول آباد پولیس چوکی کی حدود میں مسلح افراد کی واردات، نوجوان سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار، متاثرہ شخص کا پولیس کی غفلت پر احتجاج، شہریوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ
ہنگورجہ تھانے کی حدود میں قائم رسول آباد پولیس چوکی کی حدود میں بدامنی کا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دو نامعلوم مسلح افراد نے ایک نوجوان کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر اس کا موبائل فون اور پانچ ہزار روپے نقد رقم چھین لی اور باآسانی فرار ہوگئے۔ متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد پولیس کے پاس پہنچنے کے باوجود اسے فوری مدد یا شنوائی نہ مل سکی۔
رسول آباد کے رہائشی محب علی خاصخیلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ رات کے وقت اپنی زرعی زمین پر پانی کی باری کے سلسلے میں موجود تھا کہ اچانک دو نامعلوم مسلح افراد وہاں پہنچ گئے۔ ملزمان نے اسلحے کے زور پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے قبضے سے ایک موبائل فون اور پانچ ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔متاثرہ شخص نے مزید بتایا کہ واردات کے فوراً بعد وہ مقدمہ درج کرانے کے لیے رسول آباد پولیس چوکی پہنچا، مگر اس کے مطابق وہاں موجود تمام پولیس اہلکار سو رہے تھے، جس کے باعث اس کی فریاد سننے یا فوری کارروائی کرنے والا کوئی موجود نہیں تھا۔ اس نے الزام عائد کیا کہ پولیس کی ایسی غفلت اور لاپرواہی کے باعث جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں اور وہ بلا خوف و خطر وارداتیں کر رہے ہیں۔

