سکھر سے ڈویزنل بیوروچیف نصیر لاشاری کی رپورٹ
سکر واٹر ورکس ڈپارٹمنٹ کی نااہلی، غیر معیاری ٹینک کی تعمیر اور کرپشن کی وجہ سے ناقص پائپ لائنیں لگائی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق سکر کے 100 فٹ روڈ ہاؤسنگ سوسائٹی میں واٹر سپلائی کا ٹینک بنایا گیا ہے جس میں ناقص پائپ لائن لگانے کی وجہ سے پائپ لائنیں پھٹ گئیں۔ جس کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے اور گھروں کی بنیادوں تک پانی پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے گھر گرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔رہائشیوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پروجیکٹ میں ٹھیکیدار غلام قادر سولنگی اور ملوث ڈپارٹمنٹ کے لوگوں نے بڑی کرپشن کی ہے۔ اور ناقص پائپ لائن اور میٹیریل بھی استعمال کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے رہائشیوں کی جان و مال کو شدید خطرہ ہے۔رہائشیوں نے اعلیٰ حکام اور نیب سے اپیل کی ہے کہ اس پروجیکٹ میں کرپشن کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کر کے شفاف تحقیقات کی جائیں اور مرمت کا کام بہتر طریقے سے مکمل کیا جائے۔

