سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت سنٹر آف ایکسیلنس دانش سکولز سیالکوٹ کی نو تشکیل شدہ گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پرنسپل سنٹر آف ایکسیلنس (بوائز) شہباز حسن، سنٹر آف ایکسیلنس (گرلز) لیڈی اینڈرسن ہائر سیکنڈری سکول سیدہ ارم شیرازی اور گورننگ باڈی کے اراکین چودھری شکیل، ڈاکٹر مریم نعمان، فریادہ خاور، محمد اویس اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے گورننگ باڈی کے اراکین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے اس اہم تعلیمی منصوبے کے مقاصد کے حصول، تعلیمی معیار میں مزید بہتری اور اداروں کے انتظامی امور کو مؤثر انداز میں چلانے کے لئے گورننگ باڈی کا فعال کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام اراکین اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔اجلاس میں سنٹر آف ایکسیلنس کے تعلیمی معیار، ادارہ جاتی کارکردگی، طلبہ کی فلاح و بہبود، تدریسی ماحول، انتظامی امور اور جاری و مجوزہ ترقیاتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اداروں کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے قابلِ عمل تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

