میکسیکو سٹی : میکسیکو کی ایکواڈور کے خلاف ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 میں تاریخی کامیابی کے بعد ہونے والے جشن کے دوران ملک بھر میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات اور ہجوم کے دباؤ کے باعث 3 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے الگ واقعے میں مزید دو افراد کی جان چلی گئی۔
میکسیکو سٹی کے محکمہ صحت کے مطابق دارالحکومت کی معروف ‘پاسیئو ڈی لا ریفارما’ (Paseo de la Reforma) شاہراہ پر میکسیکو کی فتح کا جشن منانے کے لیے ہزاروں افراد جمع تھے۔ اس دوران شدید رش کے باعث ایک 44 سالہ شخص، ایک 19 سالہ لڑکی اور ایک 48 سالہ خاتون کا دم گھٹ گیا اور وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل یا دورانِ علاج دم توڑ گئے۔ میکسیکو سٹی کی میئر کلارا بروگادا نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے ذمہ داری اور احتیاط سے جشن منانے کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب موریلوس (Morelos) ریاست کے علاقے یاوتیپک میں میچ کی عوامی اسکریننگ کے دوران فائرنگ کا ایک المناک واقعہ پیش آیا۔ مقامی حکام کے مطابق، فٹ بال گراؤنڈ میں جہاں فیملیز میچ دیکھ رہی تھیں، مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں لیکن تاحال حملے کا مقصد واضح نہیں ہو سکا۔
اس سے قبل، کابو سان لوکاس (Cabo San Lucas) میں بھی میچ کی خوشی میں نکلنے والے ہجوم میں ایک گاڑی کے گھس جانے سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ گاڑی کے ڈرائیور کو مشتعل ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ بعد ازاں اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں چل بسا۔ یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ گاڑی کا ہجوم میں جانا ایک حادثہ تھا یا جان بوجھ کر کیا گیا اقدام۔
میکسیکو کی ٹیم نے 40 سال بعد ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں فتح حاصل کی تھی، تاہم یہ جیت ملک میں کئی خاندانوں کے لیے سوگ کا پیغام لائی۔
40 سال بعد کی جیت کا افسوسناک اختتام: میکسیکو میں ورلڈ کپ کے جشن کے دوران دل دہلا دینے والے واقعات

