نئی دہلی/ممبئی
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (BMC) نے بالی ووڈ کے معروف اداکار اجے دیوگن کے ممبئی کے علاقے جُوہُو میں واقع بنگلے پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بغیر اجازت کی جانے والی غیر قانونی تعمیرات کے کچھ حصوں کو منہدم کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جائیداد جُوہُو کی ‘کاپول کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی’ میں واقع ہے، جسے ایک سلون (Florian Hurel Salon) کو کرائے پر دی گئی تھی۔ اس مقام پر اندرونی تبدیلیاں، پارٹیشن دیواریں کھڑی کرنے اور کھڑکیوں میں ردوبدل سمیت مختلف تعمیراتی کام بغیر کسی پیشگی میونسپل منظوری کے کیے جا رہے تھے۔ میونسپل کارپوریشن کے بلڈنگ پروپوزل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، اس معاملے پر ضابطے کی خلاف ورزی پر پہلے ہی 10 ستمبر کو ایک نوٹس جاری کیا گیا تھا جس میں کام فوری طور پر روکنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ تاہم، ہدایات کے باوجود تعمیراتی کام جاری رہنے پر انتظامیہ نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے غیر قانونی طور پر تیار کردہ حصوں کے خلاف انہدم کی کارروائی عمل میں لائی۔بی ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں بلڈنگ رولز اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

